ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اندور میں دیوانے عاشق نے انجام دی تھی آگ کی واردات، 7 کی ہوئی تھی موت

اندور میں دیوانے عاشق نے انجام دی تھی آگ کی واردات، 7 کی ہوئی تھی موت

Sun, 08 May 2022 14:09:40    S.O. News Service

اندور، 8؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی)  مدھیہ پردیش کے تجارتی شہر اندور کے سورن باغ کالونی میں ہوئی آتشزدگی کے ملزم کی شناخت سنجے عرف شوبھم دیکشت کے طور پر ہوئی ہے اور اسے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق شوبھم نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملزم کا کہنا ہے کہ وہ ایک لڑکی سے محبت کرتا تھا، جس سے اس کا جھگڑا ہو گیا تھا، اس کے بعد جنون میں آ کر اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ ملزم نے بتایا کہ سورن باغ میں رہنے والی لڑکی سے محبت کی وجہ سے ہی اس نے ایک کار کو بھی نذر آتش کر دیا۔ پولیس سے بچنے کے چکر میں اس کی ایک ٹانگ بھی ٹوٹ گئی!

ملزم نے اعتراف کیا ہے ’’میں ایک لڑکی سے بہت ناراض تھا۔ اس نے میرے ساتھ بہت غلط کیا، اس نے مجھ سے بہت زیادہ خرچ کرایا، میں نے اس سے خرچے کے لیے دیے گئے پیسے کبھی واپس نہیں مانگے۔ وہ ہمیشہ کسی نہ کسی چیز کے لیے پیسے مانگتی تھی۔ میں اتنا پریشان تھا کہ اس کی گاڑی کی سیٹ جلانا چاہتا تھا۔‘‘

پولیس کے مطابق ہفتے کی رات دیر گئے پولیس کو ملزم کے بارے میں اطلاع ملی اور اسے سکیم نمبر 74 کے قریب سے گرفتار کر لیا۔ واقعے کی فوٹیج ملنے کے بعد واضح ہوا کہ سفید قمیض والے نوجوان نے گاڑیوں کو آگ لگائی تھی۔ پولیس نے اسی علاقے میں رہنے والی لڑکی سے پوچھ گچھ کی جس سے یکطرفہ محبت کا انکشاف ہوا اور معاملہ صاف ہو گیا۔

خیال رہے کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات کو اندور کی سورن باغ کالونی میں واقع ایک دو منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی تھی، جس سے سات افراد دم گھٹنے اور ہلاک ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب لوگ گہری نیند میں تھے۔ آگ نے رفتہ رفتہ خوفناک شکل اختیار کر لی اور پورا مکان شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا۔ کسی طرح لوگوں نے مکان کے مختلف حصوں سے چھلانگ لگا کر جان بچانے کی کوشش کی۔


Share: